ویب ڈیسک: افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شہپور زدران کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق افغانستان کرکٹ بورڈ نے بھی کر دی ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے تعزیتی بیان میں شہپور زدران کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ افغانستان کرکٹ کے ابتدائی اور نمایاں کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے، جنہوں نے قومی ٹیم کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
بورڈ کے مطابق شہپور زدران کی نمازِ جنازہ اور تدفین سے متعلق اعلان اہلِ خانہ کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
شہپور زدران گزشتہ کچھ عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور بھارت کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔ علاج کے دوران افغانستان کرکٹ ٹیم کے متعدد موجودہ اور سابق کھلاڑی ان کی عیادت کے لیے اسپتال بھی جاتے رہے۔
شہپور زدران نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ اور 36 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ وہ اپنی تیز رفتار باؤلنگ اور ابتدائی برسوں میں افغان کرکٹ کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے کے باعث شائقین کرکٹ میں خاص مقام رکھتے تھے۔
ان کے انتقال پر کرکٹ حلقوں، سابق کھلاڑیوں اور مداحوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔