نئی حج پالیسی منظور، خواہشمند افراد اب 2030 تک   کی حج رجسٹریشن کروا سکیں گے

نئی حج پالیسی منظور، خواہشمند افراد اب 2030 تک   کی حج رجسٹریشن کروا سکیں گے

(ویب ڈیسک ) نئی پالیسی کے تحت حج کے خواہشمند افراد سالانہ رجسٹریشنز کی بجائے 2030 تک کسی بھی سال کیلئے اپنی ضرورت کے مطابق بلاتعطل حج کی رجسٹریشن کروا سکیں گے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی اور پلان برائے 2027-2030 کی منظوری دے دی۔

  وفاقی کابینہ نے رواں برس بہترین حج انتظامات پر وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزارت کی ٹیم کی تعریف کی۔ وفاقی کابینہ کو حج پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی حج پالیسی گزشتہ1 سالہ حج پالیسیوں کے برعکس پہلی 4سالہ حج پالیسی اور پلان پر مشتمل ہے۔ اس حج پالیسی کے تحت طویل مدتی پلاننگ، آپریشنز میں بہتری اور حاجیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔ مجوزہ پالیسی کے نفاذ کیلئے SOPs اور دیگر ضوابط بنائے جائینگے۔ پالیسی کو سعودی قوانین اور ضوابط سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اس میں ضرورت کے مطابق ترامیم کی جا سکیں گی۔

مزید بتایا گیا کہ پالیسی کے تحت حج کے خواہشمند افراد سالانہ رجسٹریشنز کی بجائے 2030 تک کسی بھی سال کیلئے اپنی ضرورت کے مطابق بلاتعطل حج کی رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ اسکے نتیجے میں ترجیحی ویٹنگ لسٹ مرتب کی جائے گی۔ اسکے ساتھ ساتھ شرعی اصولوں کے مطابق سیونگ اسکیم بھی متعارف کروائی جا رہی ہے جسکے تحت حج کے خواہاں لوگ مستقبل میں حج کیلئے سیونگ اسیکم سے مستفید ہو سکیں گے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ حج کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے جس میں ادائیگیاں بھی ڈیجیٹل نظام سے ہونگیں۔اسکے علاوہ شکایات کا ڈیجیٹل نظام اور ڈیجیٹل نگرانی ہوگی۔

پالیسی کے تحت سرکاری اور پرائیوٹ حج کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے. پالیسی کے تحت لانگ اور شارٹ حج پروگرام متعارف کروائے جار ہے ہیں جبکہ حجاج کرام کی ضروری تربیت اور تکافل و ہنگامی ریسپانس بھی پالیسی کا حصہ ہیں۔

کابینہ نے ہدایت کی کہ معاونین حج کی تقرری ایک شفاف نظام اور خالصتاً  میرٹ پر جائے، مزید برآں پرائیوٹ و سرکاری حج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔

Watch Live Public News