راوی کنارے نیا شہر بسانے کا منصوبہ، مریم نواز کا بڑا حکم آگیا

راوی کنارے نیا شہر بسانے کا منصوبہ، مریم نواز کا بڑا حکم آگیا
کیپشن: The plan to build a new city on the banks of Ravi, Maryam Nawaz got a big order

ویب ڈیسک: (نتاشا رحمان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نوازشریف کی زیر صدارت، کسان پیکج اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( روڈا) سے متعلق اجلاس ہوا۔ 

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں "پنجاب کسان بنک، گرین ٹریکٹر سکیم، ہارویسٹر اور زرعی آلات کی مقامی سطح پر تیاری اور آئل سیڈ پروموشن پروگرام "  کا اعلان کیا گیا۔ 

کاشتکاروں کو آسان قرضوں کے لئے پنجاب کسان بینک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ کاشتکاروں کے لئے "سی ایم پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم" کی منظوری بھی دی۔ 

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے چھوٹے ٹریکڑ پر 70فیصداور بڑے ٹریکٹرپر 50 فیصد سبسڈی دینے کی ہدایت کردی۔

محمد نواز شریف کی تجویز پر پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ٹریکٹروں کی تعداد  دس ہزار تک بڑھا دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کا پہلا فیز ایک سال میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ ہر سال پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت زیادہ ٹریکٹر دینے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ 

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( روڈا) سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق سی ای او عمران امین نے تفصیلی بریفنگ دی۔

دوران اجلاس روڈا کے پراجیکٹس کی تکمیل کے لئے چین اور دیگر انٹرنیشنل اداروں سے اشتراک کار کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے روڈ ایریا میں ماسٹر پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ روڈا پراجیکٹ ٹوئن سٹی میں انٹرنیشنل لیول ائیر پورٹ بنانے کی تجویز پر اتفاق کرلیا گیا۔

روڈا میں فارسٹ ایریا بیس فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ دریا راوی کی صفائی اور دریا کا پاٹ ہزار میٹر سے زائد چوڑا رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے روڈا فارسٹ ایریا میں تعمیرات پر پابندی کے قوانین پر عملدرآمد کی ہدایت کردی۔ اس کے علاوہ روڈا ایریا میں اراضی کی غیر قانونی خریدوفروخت روکنے کا حکم بھی دیا گیا۔ روڈا کی اراضی پر تجاوزات روکنے کے لئے سپیشل پولیس فورس قائم کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ 

سی ای او روڈا نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ تین جھیلوں میں 117 ارب گیلن پانی ذخیرہ کیا جائے گا۔ روڈا نیو سٹی میں بننے والی جھیلوں کی وجہ سے لاہور کا گراؤنڈ واٹر500 کیوبک فٹ فی سیکنڈ چارج ہوگا۔ 

بیراج کے ذریعے 5 لاکھ 86 ہزار کیوسک فٹ پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔ راوی میں آنے والے سیوریج واٹر ڈرین سے پانی کی صفائی  کے لئے 8-ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جائیں گے۔ روڈا پراجیکٹ میں آنے والے گاؤں کو ماڈل ویلج بنایا جائے گا۔ 

اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ 2013 میں راوی کنارے نیا شہر آباد کرنے کا پلان بنایا ،بعد میں آنے والوں نے رکاوٹیں کھڑی کیں۔ لاہور کےفیوچر پراجیکٹ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ 

مریم نواز شریف نے کہا کہ روڈا تمام پراجیکٹس میں ماحولیاتی تحفظ یقینی بنائے۔ 

Watch Live Public News