ویب ڈیسک: راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں عیدالاضحیٰ کی نماز کے دو الگ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیرِاعظم عمران خان نے سیکیورٹی وجوہات کے باعث نماز میں شرکت نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کی جامع مسجد اور امام بارگاہ میں عید کی نماز ادا کی گئی، جہاں قیدیوں اور جیل عملے نے شرکت کی، تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان نماز کے وقت آرام فرما رہے تھے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو نماز عید کے انتظامات سے پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا، تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر انہوں نے نماز میں شرکت نہیں کی۔
واضح رہے کہ یہ عمران خان کی چوتھی عید ہے جو وہ جیل میں گزار رہے ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ، سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی، اپنی دوسری عید جیل میں گزار رہی ہیں۔