ویب ڈیسک: ترکیہ میں عید الاضحیٰ کے پہلے روز قربانی کے جانور ذبح کرنے کے دوران 14, 372 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ افراد زیادہ تر چھریوں کے غلط استعمال یا جانوروں کے اچانک ردِعمل کے باعث زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے وزیر صحت نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ صرف انقرہ میں 1,049، استنبول میں 753 اور کونیا میں 655 افراد کو مختلف نوعیت کی چوٹیں آئیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
عوام کے لیے اہم ہدایت
وزیر صحت نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کے عمل کو خود کرنے کے بجائے پیشہ ور قصائیوں کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ "ماہرین کے بغیر قربانی کرنا نہ صرف اپنے لیے خطرناک ہو سکتا ہے بلکہ دوسروں کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔"
گزشتہ سال بھی ہزاروں افراد زخمی
یہ پہلا موقع نہیں، بلکہ گزشتہ سال بھی عید الاضحیٰ پر ترکیہ میں تقریباً 16 ہزار افراد اسی قسم کے حادثات کا شکار ہوئے تھے، جس سے یہ مسئلہ ایک سنجیدہ حفاظتی چیلنج کی شکل اختیار کر چکا ہے۔