ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا، قطر، تاجکستان اور آذربائجان کی قیادت سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں جن میں باہمی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب داتوسری انورابراہیم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی، پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا اور پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی پر ملائیشیا کے متوازن اور اصولی مؤقف کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے مسلم امہ کے اتحاد، خوشحالی اور مظلوم فلسطینیوں کیلئے امن و سلامتی کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے تاہم بھارت کی بلااشتعال جارحیت اور پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کے جواب میں بروقت اور فیصلہ کن اقدام ناگزیر تھا، پاکستان نے امریکا اور دیگر دوست ممالک کی ثالثی سے ہونے والے جنگ بندی معاہدے کو خطے کے وسیع تر مفاد میں قبول کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے رواں سال کے آخر میں ملائیشیا کے سرکاری دورے کی خواہش کا اظہار کیا، اس دورے کے لیے موزوں تاریخوں کا تعین سفارتی سطح پر کیا جائے گا۔
تاجک صدر امام علی رحمان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر اظہارِ اطمینان
وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے رابطہ کیا، تاجک صدر اور تاجک عوام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور حالیہ دورہ دوشبنے کے دوران مہمان نوازی پر اظہار تشکر کے ساتھ برفانی پہاڑوں کے تحفظ سے متعلق عالمی کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔
انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران امن اور مذاکرات کیلئے تاجکستان کے متوازن مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کی کوشش کی، پاکستان نے امریکا و دیگر دوست ممالک کی ثالثی سے جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کی۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کے مثبت رجحان و مسلسل بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعظم نے صدر تاجکستان کو جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دہرائی، صدر امام علی رحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے عوام کیلئے عیدالاضحیٰ پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم اور امیر قطر کا دوطرفہ تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اعادہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحی کے موقع پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید الاضحیٰ کے موقع پر قطر کے امیر اور قطر کی عوام کو پرتپاک مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں قطر کی متحرک سفارت کاری اور تعمیری کردار پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا اور قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے کردار کو بھی سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی طور پر فائدہ مند تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا، امیر قطر نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور جلد از جلد ایک دوسرے سے ملنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم کا آذربائجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آذربائجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم نے صدر علیوف کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر آذربائجان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں اور مبارکباد کا پیغام دیا۔
وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ آذربائجان میں ملنے والی بے مثال مہمان نوازی پر صدر الہام علیوف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی، تعاون اور قریبی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا باعث بنا۔
وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں آذربائجان کی جانب سے پاکستان کی واضح حمایت پر بھی صدر علیوف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور آذربائجان کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط، مؤثر اور کثیرالجہتی تعاون میں بدلنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی۔