ویب ڈیسک: بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان سوریا کمار یادیو نے کپتانی سے ہٹائے جانے اور قومی اسکواڈ سے باہر کیے جانے کے فیصلے پر پہلی بار ردعمل دیتے ہوئے نئے کپتان شریاس ائیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ممبئی میں ایک مقامی میچ کے ٹاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سوریا کمار یادیو نے کہا کہ وہ شریاس ائیر کے بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر خوش ہیں اور انہیں نئی ذمہ داری کے لیے نیک تمنائیں پیش کرتے ہیں۔
سوریا کمار نے کہا کہ ان اور شریاس ائیر کے درمیان دیرینہ تعلق ہے اور دونوں نے ممبئی کی جانب سے ایک ساتھ کرکٹ کھیلی ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دلچسپ اتفاق ہے کہ بھارت کے آخری تین ٹی ٹوئنٹی کپتان — روہت شرما، سوریا کمار یادیو اور اب شریاس ائیر — تینوں کا تعلق ممبئی سے ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے حالیہ پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کامیابی کے باوجود سوریا کمار یادیو کی حالیہ فارم اور مستقبل کی ٹیم حکمتِ عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجیت اگرکر کے مطابق شریاس ائیر کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کے علاوہ آئندہ ایشین گیمز کے لیے بھی کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اگلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک مضبوط اور متوازن ٹیم کی تیاری کے سلسلے کی اہم کڑی ہے۔