4 فٹبال ورلڈکپ فاتحین کی درست پیشگوئی کرنے والی کمپنی نے 2026 کے چیمپئن کا اعلان کر دیا

4 فٹبال ورلڈکپ فاتحین کی درست پیشگوئی کرنے والی کمپنی نے 2026 کے چیمپئن کا اعلان کر دیا

(ویب ڈیسک)فیفا ورلڈکپ 2026 کا آغاز جلد ہونے جا رہا ہے اور دنیا بھر کے فٹبال شائقین اس تاریخی ایونٹ کے منتظر ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ورلڈکپ ہوگا، جس میں 48 ٹیمیں اور 1,248 کھلاڑی حصہ لیں گے۔

امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے اس عالمی مقابلے میں 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران 104 میچز کھیلے جائیں گے۔

اس بڑے ایونٹ سے قبل فٹبال ویڈیو گیمز بنانے والی معروف کمپنی ای اے سپورٹس ایف سی( EA Sports FC) نے ایک بار پھر ورلڈکپ فاتح کے بارے میں اپنی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کمپنی گزشتہ چار ورلڈکپس کے چیمپئنز کی درست پیشگوئی کر چکی ہے۔

کمپنی نے 2010 میں اسپین، 2014 میں جرمنی، 2018 میں فرانس اور 2022 میں ارجنٹینا کو فاتح قرار دیا تھا، اور ہر مرتبہ یہی ٹیمیں ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہیں۔

اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں ای اے سپورٹس ایف سی ( EA Sports FC) نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ پانچویں بار بھی درست پیشگوئی کرنے جا رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق فیفا ورلڈکپ 2026 کا ٹائٹل ایک مرتبہ پھر اسپین کے نام ہوگا۔

اسپین کو ممکنہ فاتح قرار دینے والی ای اے سپورٹس ایف سی ( EA Sports FC) واحد ادارہ نہیں۔ اس سے قبل اوپٹا سپر کمپیوٹر بھی اپنی تجزیاتی پیشگوئی میں اسپین کو سب سے مضبوط امیدوار قرار دے چکا ہے۔

اوپٹا کا اے آئی پر مبنی ماڈل ہزاروں ممکنہ نتائج کا تجزیہ کرتا ہے اور مختلف ٹیموں کے جیتنے کے امکانات کا اندازہ لگاتا ہے۔ 10 ہزار سے زائد ڈیجیٹل سیمولیشنز کے بعد اس ماڈل نے بھی نتیجہ اخذ کیا کہ اسپین کے پاس 2026 کا ورلڈکپ جیتنے کے سب سے زیادہ امکانات موجود ہیں۔

واضح رہے کہ نئے فارمیٹ کے تحت ہر گروپ کی پہلی دو ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچیں گی، جبکہ ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار راؤنڈ آف 32 بھی کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 12 جولائی کو منعقد ہوگا، جہاں نئی عالمی چیمپئن ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔

Watch Live Public News