ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان نے ایران سے کشیدگی کے بعد پہلا عوامی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اس وقت غیر معمولی حالات سے گزر رہی ہے اور ریاست اپنے عوام اور ملک میں مقیم افراد کے تحفظ کے لیے ہر ممکن ذمہ داری ادا کرے گی۔
اپنے بیان میں اماراتی صدر نے کہا کہ “ یو اے ای آسان شکار نہیں” اور ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین کے علاقے جوفیر میں واقع امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی ایران میں پانی کے ایک پلانٹ پر حملے کے ردعمل میں کی گئی۔
اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ ایران پڑوسی ممالک کے خلاف حملے نہیں کرے گا، جب تک ان ممالک کی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہ کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عبوری قیادت نے پڑوسی ممالک کے خلاف کسی بھی حملے سے گریز کی منظوری دے دی ہے اور ایران کو خطے کے ممالک سے کوئی دشمنی نہیں۔