ویب ڈیسک: پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے اور کئی اہم فوجی مراکز کو تباہ کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ اور پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر حملے کے بعد پاک فضائیہ نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے تین رافیل، ایک مگ 29 اور ایک SU-30 طیارے تباہ کیے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک طیارہ بھٹنڈا میں، دوسرا اکھنور اور تیسرا ایوانتی پورہ کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل مائل کے فاصلے پر مار گرایا گیا۔
مزید برآں، کوٹلی لوہاراں کے علاقے میں بھارت کے دو ڈرونز بھی تباہ کر دیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کے تمام طیارے بحفاظت اپنے اڈوں پر واپس پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب زمینی محاذ پر بھی پاکستان نے بھرپور کارروائی کی۔ پاک فوج نے دشمن کے انفنٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور 6 مہار یونٹ کا بٹالین ہیڈکوارٹر مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ اس کے علاوہ گفدار پوسٹ، ڈنا پوسٹ، چھتری پوسٹ سمیت کئی اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد دشمن کے فوجی جولی پوسٹ، بڈوری سیکٹر اور پیر کانٹی سیکٹر سمیت مختلف علاقوں سے مورچے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ بڈوری میں تقریباً 50 اور پیر کانٹی میں 40 بھارتی فوجی اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر بھاگ نکلے۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ بھاگتے ہوئے بھارتی فوجیوں پر پاک فوج نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کثیر تعداد میں بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے، جبکہ کئی کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے گزشتہ رات احمد پور شرقیہ، کوٹلی، مظفرآباد، باغ اور مریدکے کے علاقوں کو نشانہ بنایا، تاہم پاکستانی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کر کے دشمن کو شدید نقصان پہنچایا۔