جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ،5 خارجی ہلاک ،4 جوان شہید

جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ،5 خارجی ہلاک ،4 جوان شہید

(ویب ڈیسک ) جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز  کے آپریشن میں  5 خارجی ہلاک ہوگئے جبکہ  4 جوان  بھی شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے کرامہ میں سیکیورٹی فورسز اور خوارجیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5 خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ خارجیوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے 4 بہادر سپوتوں نے بھی جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار طیب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود، اور لانس نائیک حبیب اللہ شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق   خارجیوں کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار طیب شاہ کی عمر 38 برس اورتعلق ٹانک سے تھا،  شہید لانس نائیک گلاب زمان کی عمر 30 سال اور تعلق ضلع کرک سے تھا،  لانس نائک شہید مزمل محمود کی عمر 30 برس اور تعلق ضلع کرک سے تھا، لانس نائک حبیب اللہ کی عمر 28 برس اور تعلق اورکزئی سے تھا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ  چاروں شہدانے   خارجیوں  کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر  کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہےپاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ  بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو تقویت بخشتی ہیں۔

Watch Live Public News