وزیر اعظم کا پاکستان میں گوگل کی جانب سے دفاتر کے قیام ، سرمایہ کاری کا خیرمقدم

وزیر اعظم کا پاکستان میں گوگل کی جانب سے دفاتر کے قیام ، سرمایہ کاری کا خیرمقدم

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کی جانب سے دفاتر کے قیام اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم، ہری پور میں گوگل کی مصنوعات کی اسمبلی لائن کا قیام خوش آئند قرار دیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گوگل جیسی بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیاں پاکستان میں کاروباری میں آسانی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہی ہیں، آئی ٹی مصنوعات کی مقامی تیاری سے نہ صرف پاکستانی عوام کیلئے یہ مصنوعات سستی ہونگی بلکہ انکی برآمدای صنعت کی ترقی سے زر مبادلہ میں اضافہ ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ روز اول سے پاکستان کو ڈیجیٹل نیشن بنانے کیلئے اقدامات کو اولین ترجیح دی۔نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے میں با اختیار بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، گوگل کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت کی مفاہمتی یادداشت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ایک لاکھ باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس فراہم کرکے انہیں آئی شعبے میں ترقی کیلئے وسائل فراہم کر رہی ہے، ملک بھر میں نوجوانوں بشمول خواتین کیلئے آئی ٹی شعبے کے تربیتی پروگرام جاری ہیں،تربیتی پروگرامز سے نوجوانوں کی بین الاقوامی سروس انڈسٹری میں مسابقت میں اضافہ ہورہا ہے اور نوجوان باعزت روزگار میں خود کفیل ہو رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے بیان میں کہا کہ  پاکستان کو خطے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کیلئے مزید اقدامات پر کام تیزی سے جاری ہے، ملک میں آئی شعبے کی ترقی کیلئے وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انکی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

Watch Live Public News