ویب ڈیسک: سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو وا نے ٹیسٹ کرکٹ کے دو درجوں پر مشتمل مجوزہ نظام (Two-Tier System) کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی تقسیم سے کھیل میں عدم توازن پیدا ہوگا اور کمزور ٹیمیں مزید پیچھے رہ جائیں گی۔
سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو وا نے کہا کہ ’’میں دو درجوں والے ٹیسٹ فارمیٹ کے حق میں نہیں ہوں، کیونکہ اس سے دوسری سطح کی ٹیمیں مزید کمزور ہوں گی جبکہ بڑی ٹیمیں اور مضبوط ہو جائیں گی۔‘‘
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب کرکٹ کی دنیا میں ٹیسٹ فارمیٹ کے مستقبل پر نئی بحث جاری ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت سرفہرست ٹیمیں صرف ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی، جبکہ نچلے درجے کی ٹیموں کو علیحدہ گروپ میں رکھا جائے گا۔
حامیوں کا کہنا ہے کہ اس سے ہم پلہ ٹیموں کے درمیان مقابلے دلچسپ ہوں گے جبکہ یہ چھوٹی ٹیموں کو مزید تنہائی اور مالی مشکلات میں دھکیل دے گا۔
اسٹیو وا، جنہوں نے آسٹریلیا کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب ادوار میں قیادت دی، کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی اصل روح اس کی شمولیت میں ہے، ہر ملک کو کھیلنے اور اپنی صلاحیت دکھانے کا برابر موقع ملنا چاہیے۔
سابق لیجنڈز کرکٹرز بھی اسٹیو وا کے مؤقف سے متفق ہیں اور اسے ٹیسٹ کرکٹ کی بقا کے لیے ضروری قرار دیتے ہیں۔