ویب ڈیسک: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اشتعال انگیز بیان پر شدید ردِعمل، کہا وزیراعلیٰ کے پی کے نے احسان فراموشی کی تمام حدیں پار کر دیں۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا، خیبرپختونخوا میں فورسز نے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات شہداء کے خاندانوں کے جذبات مجروح کرتے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی کے کا ایسا بیان دراصل پاکستان کے استحکام پر حملہ ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اپنے بیان پر قوم اور شہداء کے اہلخانہ سے معافی مانگنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں، ملک میں انتشار نہیں، اتحاد اور استحکام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کے نام پر قومی اداروں کو متنازع بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال کامیابیاں حاصل کیں۔
وزیر ریلوے نے قوم سے اپیل کی کہ افواجِ پاکستان کے خلاف کسی بھی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں، ملک کے دشمن ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں، ہمیں ایک ہونا ہوگا۔