ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حالیہ بیان پر وفاقی وزیر و صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام کا ردعمل، کہا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا حالیہ بیان افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانات کسی بھی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے، خیبرپختونخوا کے عوام سکیورٹی فورسز اور پاک افواج کی امن و استحکام کیلئے قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام شہداء کی لازوال قربانیوں اور ان کے خون کا احترام کرتے ہیں۔
یہ کسی فرد واحد کی دہشتگردانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے نہ کہ صوبے کی عوام کا، ایسی باتیں دشمن کے بیانیے کو تقویت دیتی ہیں، عوام میں انتشار اور ریاستی اداروں کے خلاف بداعتمادی پیدا کرنا کسی محب وطن قیادت کا شیوہ نہیں، مساجد اور شہداء کے تقدس کے نام پر نفرت انگیزی پھیلانا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔
وزیراعلیٰ کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کا منصب ذمہ داری، سنجیدگی اور قومی یکجہتی کا متقاضی ہے، نہ کہ انتشار اور اداروں سے ٹکراؤ کا، پاکستان مسلم لیگ (ن) واضح موقف رکھتی ہے کہ امن، ترقی اور استحکام ہی خیبرپختونخوا کے عوام کا اصل حق ہے۔
امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ صوبے کے آئینی سربراہ ہیں، انہیں اپنے عہدے کی حرمت برقرار رکھتے ہوئے قومی اداروں سے تصادم نہیں بلکہ تعاون کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔