رواں سال کے پہلے سپرمون کو آج پاکستان میں بھی دیکھا جاسکے گا

رواں سال کے پہلے سپرمون کو آج پاکستان میں بھی دیکھا جاسکے گا
کیپشن: رواں سال کے پہلے سپرمون کو آج پاکستان میں بھی دیکھا جاسکے گا

ویب ڈیسک: رواں سال کا پہلا سُپر مون آج شام دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی آسمان پر واضح طور پر نظر آئے گا۔ ماہرینِ فلکیات اور ترجمان اسپارکو کے مطابق، سپر مون کے دوران چاند زمین کے اپنے مدار میں سب سے قریب ترین فاصلے پر ہوگا، جو تقریباً 2 لاکھ 24 ہزار میل بنتا ہے۔ اسی قربت کے باعث چاند ایک عام مکمل چاند کے مقابلے میں 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔

اسپارکو کے مطابق سپر مون کا آغاز آج سورج غروب ہونے کے فوراً بعد مشرق سے طلوع ہونے سے ہوگا، جبکہ یہ طلوعِ آفتاب سے پہلے مغرب کی سمت غروب ہو جائے گا۔ شہری اور دیہی دونوں علاقوں کے لوگ، اگر آسمان صاف ہو، تو اسے بغیر کسی خاص دوربین کےانسانی آنکھ سے بھی با آسانی دیکھ سکیں گے۔

رواں سال فلکیاتی لحاظ سے یہ ایک خاص موقع سمجھا جا رہا ہے کیونکہ 2025 میں مجموعی طور پر تین سپر مونز نظر آئیں گے۔ اسپارکو کے مطابق دوسرا سپر مون 5 نومبر 2025 کو ہوگا، جو سال کا سب سے روشن سپر مون بھی تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ تیسرا اور آخری سپر مون 5 دسمبر کو آسمان پر جلوہ گر ہوگا۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ سپر مون اس وقت واقع ہوتا ہے جب چاند اپنی بیضوی مدار میں گھومتے ہوئے زمین کے قریب ترین نقطے پر آ جاتا ہے، جسے "پیریجی" (Perigee) کہا جاتا ہے۔ اس دوران چاند نہ صرف زیادہ چمک دار نظر آتا ہے بلکہ اس کا حجم بھی معمول سے قدرے بڑا محسوس ہوتا ہے، اسی وجہ سے اسے “سپر مون” کا نام دیا گیا ہے۔

یہ نایاب فلکیاتی مظاہر زمین اور خلا کے باہمی تعلق کو سمجھنے میں سائنس دانوں کے لیے اہم موقع فراہم کرتے ہیں۔ اسپارکو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خوبصورت قدرتی نظارے کو محفوظ طریقے سے دیکھیں اور روشنی کی کم آلودگی والےعلاقوں میں جا کر اس دلکش منظر کا لطف اٹھائیں۔

Watch Live Public News