ویب ڈیسک: (شکیل خٹک) پاکستان ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق ساؤتھ افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ایشیا کپ میں ٹیم کی پرفارمنس کے بعد تھنک ٹینک نے سوچ بچار شروع کر دی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کپتان سلمان علی آغا کی کارکردگی کے باعث اس موقع پر تبدیلی اور اس اثرات پر بھی تھنک ٹینک کی مشاورت جاری ہے۔ کپتان سلمان علی آغا کی پرفارمنس حکام کو متاثر نہ کر سکی۔ سلمان آغا کے ایشیا کپ میں بیٹنگ میں ناکامی اور بطور کپتان فیصلوں سے حکام خوش نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور کوچ سلمان علی آغا کو کپتان برقرار رکھنے کے حق میں ہیں۔ ایشیا کپ کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے ٹیم میں دو سے تین تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ٹیم میں چند سینئر کھلاڑیوں کی واپسی اور نئے کھلاڑیوں کی شمولیت پر بھی بات چیت کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ ساؤتھ افریقہ کے خلاف پاکستان کے تین ٹی ٹونٹی میچز شیڈول ہیں۔ پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔