ویب ڈیسک:پاکستانی اوپنر سدرہ امین کو آئی سی سی کی جانب سے ستمبر 2025 کے ویمنز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
یہ نامزدگی ان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں شاندار کارکردگی کے باعث عمل میں آئی، سدرہ امین نے ون ڈے سیریز میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 3 میچوں میں 293 رنز بنائے اور اوسط 293.00 کے ساتھ ٹورنامنٹ کی ٹاپ اسکورر رہیں۔
انہوں نے لگاتار ناقابلِ شکست سینچریاں بھی اسکور کیں، جو ان کی غیر معمولی مستقل مزاجی اور اعتماد کی مظہر تھیں، اگرچہ پاکستان ابتدائی 2 میچ ہار گیا، مگر سدرہ کی کارکردگی نے ٹیم کو قابلِ عزت مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
تیسرے اور آخری میچ میں انہوں نے ناٹ آؤٹ نصف سنچری اسکور کر کے پاکستان کو تسلی بخش فتح سے ہمکنار کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی فتوحات کا سلسلہ توڑ دیا۔
سدرہ امین کے ساتھ نامزدگی کی فہرست میں جنوبی افریقہ کی تیزمین بریٹس نے پاکستان کے خلاف سیریز میں بہترین بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 2-1 سے کامیابی دلائی۔
انہوں نے صرف 2 اننگز میں 272 رنز 103.81 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے اور پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کیا۔
