(ویب ڈیسک ) گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کا ریچھ کے حملے کے بعد پہلا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
اسکردو میں ریچھ کے حملے کا شکار ہونے والی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کی ٹیم نے قرۃ العین بلوچ کے انسٹاگرام پر بیان میں کہا کہ گلوکارہ حال ہی میں بلتستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کام کرنے گئی تھیں جہاں وہ جامع ڈیزاسٹر ریسپانس سروسز کے ہمراہ متاثرہ دیہات میں امدادی سرگرمیوں میں شریک تھیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ 4 ستمبر کی رات دورانِ قیام، خیمے میں موجودگی کے وقت ان پر بھورے ریچھ نے حملہ کردیا لیکن سی ڈی آر ایس ٹیم فوری طور پر ریچھ کر ڈرا کر بھگانے میں کامیاب ہوگئی۔
جس کے بعد گلوکارہ کو فوراً قریبی طبی مرکز منتقل کیا۔جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں۔
گلوکارہ کی ٹیم نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی اور کہا کہ وہ اس وقت ان کی پرائیویسی کا خیال رکھیں کیونکہ قرۃ العین کو مکمل آرام کی ضرورت ہے۔