ویب ڈیسک: بھارت کی لیجنڈری پلے بیک گلوکارہ آشا بھوسلے کو برصغیر کی موسیقی کی تاریخ کی سب سے مقبول اور بااثر آوازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
وہ 8 ستمبر 1933 کو بھارتی شہر سنگلی میں پیدا ہوئیں اور معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن تھیں۔ بچپن ہی سے موسیقی کے ماحول میں پرورش پانے والی آشا بھوسلے نے کم عمری میں ہی فلمی گیت گانا شروع کر دیا اور جلد ہی اپنی منفرد پہچان قائم کر لی۔
انہوں نے 1943 میں محض 10 سال کی عمر میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا، جبکہ ابتدائی موسیقی کی تربیت انہیں اپنے والد دینا ناتھ منگیشکر سے حاصل ہوئی۔ 1950 کی دہائی میں وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں اور دنیا کی ممتاز پلے بیک گلوکاراؤں میں شمار ہونے لگیں۔ ان کی آواز چنچل، جذباتی اور غیر معمولی ہمہ گیر صلاحیت کی حامل تھی۔
اپنے طویل کیریئر میں انہوں نے 20 سے زائد زبانوں میں 12 ہزار سے زیادہ گانے ریکارڈ کیے اور ایک ہزار سے زائد بالی ووڈ فلموں کے لیے اپنی آواز دی، جن میں فلمی گیت، غزلیں، قوالیاں اور کلاسیکی موسیقی شامل ہیں۔
ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں 7 فلم فیئر ایوارڈز، 2000 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور 2008 میں پدم وبھوشن شامل ہیں۔ 2011 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے انہیں دنیا کی سب سے زیادہ ریکارڈنگ کرنے والی گلوکارہ قرار دیا۔