معروف گلوکارہ بونی ٹائلر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

معروف گلوکارہ بونی ٹائلر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں
کیپشن: معروف گلوکارہ بونی ٹائلر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

ویب ڈیسک: دنیا بھر میں اپنے مقبول گیت "Total Eclipse of the Heart" سے شہرت حاصل کرنے والی برطانوی گلوکارہ بونی ٹائلر 75 برس کی عمر میں پرتگال کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئیں۔

گلوکارہ کے ترجمان نےاُن کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ تاہم، ان کی موت کی وجہ فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔

بونی ٹائلر کو رواں سال آنتوں کے آپریشن کے لیے پرتگال کے شہر فارو کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں آپریشن کے بعد انہیں طبی طور پر مصنوعی بے ہوشی میں رکھا گیا۔ بعد ازاں انہیں ہوش آ گیا، تاہم ان کی حالت تشویشناک رہی اور وہ مسلسل انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں زیر علاج رہیں۔

بونی ٹائلر، جن کا اصل نام گینر ہاپکنز تھا، 8 جون 1951 کو ویلز میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 1970 کی دہائی میں موسیقی کے میدان میں قدم رکھا، تاہم 1983 میں ریلیز ہونے والے شہرۂ آفاق گیت "Total Eclipse of the Heart" نے انہیں عالمی شہرت دلائی۔

اپنے پانچ دہائیوں پر محیط فنی سفر کے دوران انہوں نے 18 اسٹوڈیو البمز جاری کیے، تین مرتبہ گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئیں، جبکہ "Holding Out for a Hero" سمیت کئی یادگار گیت بھی ان کی پہچان بنے۔

بونی ٹائلر اپنے شوہر رابرٹ سلیوان کو سوگوار چھوڑ گئی ہیں، جن سے ان کی شادی کو 52 برس ہو چکے تھے۔

Watch Live Public News