ویب ڈیسک: پنجاب حکومت کی سی ایم ای بائیک اسکیم 2026 کے تحت اہل طلبہ و طالبات کو سبسڈی کے ساتھ الیکٹرک اسکوٹی بلاسود آسان اقساط پر فراہم کی جائے گی، جبکہ مفت ڈرائیونگ ٹریننگ، ہیلمٹ اور حفاظتی سامان بھی دیا جائے گا۔
پنجاب وزیراعلیٰ بائیک اسکیم 2026 کے تحت، طلبہ و طالبات کو حکومتی سبسڈی کے ساتھ الیکٹرک بائیکس خریدنے کے لیے بلاسود رقم فراہم کی جائے گی اور وہ اس رقم کی ادائیگی آسان ماہانہ اقساط میں کر سکیں گے۔
کون اپلائی کرسکتا ہے؟
پنجاب کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم اہل طلبہ و طالبات اس اسکیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست گزار کی عمر کم از کم 16 سال، درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ اور کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) ہونا ضروری ہے۔
والدین یا قانونی سرپرست بطور ضامن درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ درخواست میں درج موبائل نمبر ضامن کے نام پر رجسٹرڈ ہونا لازم ہے۔
درخواست کی آخری تاریخ
طلبہ 4 اکتوبر 2026 تک آن لائن درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
الیکٹرک اسکوٹی کی خصوصیات
اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی الیکٹرک بائیک میں 72 وولٹ، 30 ایمپیئر آور بیٹری اور 1,000 واٹ کی موٹر ہوگی، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار تقریباً 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔
مفت سہولتیں
اسکیم کے تحت اہل طلبہ و طالبات کے لیے لاہور میں پانچ مفت اسکوٹی ٹریننگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں:
ابشر ڈرائیونگ اسکول
لبرٹی خدمت مرکز
گریٹر اقبال پارک
ٹریفک پولیس لائنز مناواں
ایل او ایس، فیروزپور روڈ
طلبہ ٹریننگ کے لیے اپنا شناختی کارڈ ساتھ لائیں۔ لاہور ٹریفک پولیس نے ان مراکز پر اسکوٹی لائسنس کے حصول کے لیے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کیے ہیں۔
اس کے علاوہ اسکیم میں شامل طلبہ کو مفت ہیلمٹ اور حفاظتی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔