(ویب ڈیسک ) خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران نے آبنائے ہرمز کے بیرونی حصے میں باقاعدہ ’نو گو زون‘ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا دائرہ کار امریکی ناکہ بندی کی لائن سے خلیج تک پھیلا ہوا ہوگا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت اور روٹس کے حوالے سے سلطنتِ عمان کے ساتھ باہمی نقشوں پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں نو گو زون کی باقاعدہ تفصیلات جاری کر دی جائیں گی، جو امریکی ناکہ بندی کی لکیر سے شروع ہو کر خلیج کے پانیوں تک پھیلے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ طے شدہ نو گو زون کی حدود میں داخل ہونے والے کسی بھی بحری جہاز کو فوری طور پر ایران کی بلیک لسٹ اور پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا جائے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا بیان :
دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے موجودہ بحران کی تمام تر ذمہ داری امریکا اور اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں سے قبل آبنائے ہرمز ہر قسم کی عالمی تجارتی آمد و رفت کے لیے مکمل کھلی ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے خطے پر یکطرفہ، غیر قانونی اور جارحانہ جنگ مسلط کی، جس کے منفی اثرات عالمی تجارتی جہاز رانی پر پڑے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں توانائی اور خام تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔