ویب ڈیسک: نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ایک جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ بیساکھی کے تہوار کیلئے ساڑھے 6 ہزار سکھ یاتریوں کو پاکستان کے ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔
سکھ یاتریوں کو 10 سے 19 اپریل کے درمیان پاکستان میں ہونے والے بیساکھی کے تہوار کیلیے ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ اس دوران ہندوستانی سکھ یاتری حسن ابدال، کرتارپور اور ننکانہ صاحب میں موجود اپنے مذہبی مقامات کا دورہ کریں گے۔
نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کیے گئے ویزوں کی بڑی تعداد کا مقصد لوگوں،ثقافتوں اور مذاہگ کے درمیان ہم آہنگی اور افہام تفہیم کو فروغ دینا ہے۔
ہندوستانی سکھ یاتری 1974 کے پاکستان-انڈیا پروٹوکول کے تحت مذہبی عبادت گاہوں کے دورے کے لیے ہر سال پاکستان جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ بیساکھی کا تہوار ہر سال 13 اور 14 اپریل کو منایا جاتا ہے جو کہ موسم بہار کی آمد اور فصلوں کی کٹائی کی نوید سناتا ہے۔ اس کے علاوہ سکھ مذہب میں اسے نئے سال کا آغاز مانا جاتا ہے۔