سلمان خان کے پھٹے جوتوں کی قیمت نے مداحوں کو حیران کر دیا

سلمان خان کے پھٹے جوتوں کی قیمت نے مداحوں کو حیران کر دیا
کیپشن: سلمان خان کے پھٹے جوتوں کی قیمت نے مداحوں کو حیران کر دیا

ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ان کے جوتوں نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں سلمان خان کو ایک لگژری گاڑی سے باہر نکلتے، فوٹوگرافروں کو پوز دیتے اور پھر اپنی منزل کی جانب جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم اس دوران ان کے جوتے مداحوں کے لیے حیرانی کا باعث بن گئے، کیونکہ وہ بظاہر پھٹے ہوئے اور پرانے دکھائی دے رہے تھے۔

ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین نے مختلف تبصرے شروع کر دیے، جہاں کچھ لوگ حیران تو کچھ پریشان نظر آئے۔ تاہم جلد ہی حقیقت سامنے آئی کہ یہ عام جوتے نہیں بلکہ ایک معروف فیشن برانڈ Balenciaga کے مہنگے ڈیزائنر جوتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ جوتے “کاؤ بوائے” کلیکشن کا حصہ ہیں، جنہیں جان بوجھ کر اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ پرانے اور بوسیدہ دکھائی دیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ان جوتوں کی قیمت تقریباً ڈیڑھ لاکھ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے۔

اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ اور مزاحیہ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں صارفین اس منفرد فیشن اسٹائل پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News