بھارت میں تھوک مساج، حجام کی ویڈیو وائرل

UP Barber Uses Spit To Massage Customer’s Face,kannuj india
کیپشن: UP Barber Uses Spit To Massage Customer’s Face,kannuj india
سورس: google

ویب ڈیسک : بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر قنوج میں ایک حجام کی گھناؤنی حرکت کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ حجام تھوک لگا کر گاہک کے چہرے کی مالش کرتے نظر آرہا ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی ہے۔

قنوج کا نام سنتے ہی دماغ خوشبو سے معطر ہو جاتا ہے کیونکہ  برصغیر سمیت دنیا بھر میں قنوج شہر عطریات کی پیداوار  کے لئے مشہور ہے ۔

لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے  شہریوں کے دل کراہت اور نفر ت سے بھر دیئے ہیں ۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک حجام اپنے ہاتھوں پر تھوک کر گاہک کے گالوں پر مل رہا ہے تاکہ شیو سے پہلے بالوں کو نرم کیا جاسکے۔

اس گھناؤنی حرکت کے باعث  شہریوں میں غم وغصہ پایا جارہا  ہے۔ وائرل ویڈیو کا از خود نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے کیس درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ 

پولیس کے مطابق یہ ویڈیو تلگرام تھانہ علاقے کے ٹیلا محلہ میں واقع سیلون کا ہے۔ ٹیلا محلہ کے رہائشی یوسف کا سیلون چھبراماؤ روڈ پر ہے۔ یوسف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس سے ضلع میں کھلبلی مچ گئی۔

 ویڈیو کے مطابق گاہک کو اس بات کا علم نہیں ہوسکا کہ اس کے چہرے پر تھوک لگایا جارہا ہے ۔گاہک کرسی پر آنکھیں بند کیے بیٹھا ہے۔ مالش کرتے وقت یوسف اپنے ہاتھوں میں تھوک کر گاہک کی بند آنکھوں کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ حجام یوسف نے ایک بار نہیں بلکہ دو بار تھوک کر چہرے کی مالش کی اور موبائل فون پر ویڈیو بھی بنائی۔ اس کے بعد یہ ویڈیو خود سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کر دی گئی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے یوسف اور اس کا خاندان فرار ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ خوف و ہراس کے باعث علاقے کے تمام حجاموں نے اپنے سیلون بند کر دیے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ حجام یوسف  گونگا ہے ۔

پولیس کی سفارش پر نگر پنچایت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حجام یوسف کی عارضی چھپر نما دکان کو بلڈوزر کے ذریعے مسمار کردیا ہے ۔

Watch Live Public News