ویب ڈیسک: وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو حکومت کی جانب سے مذاکرات کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی قسم کی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی یہ ضمانت دے کہ ان کے احتجاج یا سرگرمیوں سے امن و امان کی صورتحال خراب نہیں ہوگی، تو حکومت اس بات کو یقینی بنائےگی کہ پی ٹی آئی کے سیاسی رہنماؤں کی ملاقات بانی تحریک انصاف سے کرائی جائے۔ ان کے مطابق، ملک اس وقت جس نازک دور سے گزر رہا ہے، اس میں سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تمام جماعتوں کو سنجیدہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
دوسری جانب، تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر نثار جٹ نے حکومت کی اس پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کی پیشکش کوئی نئی بات نہیں ہے، کیونکہ اس سے پہلے بھی ہم نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ ہمارے سیاسی رہنماؤں کو بانی تحریک انصاف تک رسائی دی جائے، مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر حکومت واقعی مخلص ہے تو فوری طور پر بانی تحریک انصاف تک رسائی دی جائے تاکہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا مقصد صرف تب پورا ہوگا جب اعتماد سازی کے اقدامات پہلے کیے جائیں۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہوسکتی ہے، بشرطیکہ دونوں فریق وعدوں پر قائم رہیں۔