مذاکرات کامیاب: ایم ڈبلیوایم کا اربعین مارچ ملتوی کرنے کا اعلان

مذاکرات کامیاب: ایم ڈبلیوایم کا اربعین مارچ ملتوی کرنے کا اعلان
کیپشن: مذاکرات کامیاب: ایم ڈبلیوایم کا اربعین مارچ ملتوی کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد ملک گیر اربعین مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ فریقین کے درمیان کئی اہم نکات پر اتفاق ہوا جس کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر حکومت کو مشکل فیصلہ کرنا پڑا، تاہم مذاکرات میں سات نکاتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔

ان کے مطابق، عراق کے لیے ویزوں کی مدت میں 60 روز کی توسیع کی جائے گی، جبکہ جن زائرین کے ویزے پہلے ہی جاری ہو چکے ہیں، انہیں رعایتی ہوائی ٹکٹ فراہم کیے جائیں گے۔ مزید برآں، سرحد پر موجود طلبہ کو کسی قسم کی رکاوٹ کے بغیر ایران میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایم ڈبلیو ایم کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قافلہ واپس کرنے کا فیصلہ دانشمندی کا مظاہرہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زائرین نے ہوائی سفر میں ڈسکاؤنٹ کا مطالبہ کیا ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ جہاں پہلے سے سکیورٹی مسائل موجود ہیں وہاں پیدل سفر نہ کیا جائے۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ حکومت نے معاملے کو مثبت انداز میں حل کیا ہے، اس لیے ہم مارچ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گورنر سندھ کو مطالبات کی تکمیل کا ضامن بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا تھا کہ رواں سال اربعین کے لیے زائرین کو بلوچستان کے زمینی راستوں سے ایران یا عراق جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جس کے بعد ایم ڈبلیو ایم نے اس پابندی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

Watch Live Public News