معرکہ حق: فضائی حدود کی بندش سے پاکستان کو4ارب10کروڑ روپے خسارے کا انکشاف

معرکہ حق: فضائی حدود کی بندش سے پاکستان کو4ارب10کروڑ روپے خسارے کا انکشاف
کیپشن: معرکہ حق: فضائی حدود کی بندش سے پاکستان کو4ارب10کروڑ روپے خسارے کا انکشاف

ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت کیلئے فضائی حدود کی بندش کے نتیجے میں پاکستان کو اربوں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا، تاہم قومی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کو ہر حال میں معاشی مفادات پر ترجیح دی گئی۔

قومی اسمبلی میں وزارت دفاع کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ بھارت کیلئے فضائی حدود کی بندش کے باعث روزانہ 100 سے 150 بھارتی طیارے متاثر ہوئے، جس کے نتیجے میں فضائی ٹریفک میں تقریباً 20 فیصد کمی واقع ہوئی۔ اس پابندی کے دوران، 24 اپریل سے 30 جون 2025 تک، پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی (PAA) کو اوور فلائنگ آمدنی میں تقریباً 4.1 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

رپورٹ کے مطابق یہ صورتحال پہلی مرتبہ نہیں ہوئی، بلکہ 2019 میں بھی بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران فضائی حدود کی بندش سے پاکستان کو تقریباً 7.6 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا۔ اس وقت بھی اوور فلائنگ کی یومیہ اوسط آمدن 5 لاکھ 8 ہزار امریکی ڈالر تھی، مگر حکومت نے قومی سلامتی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے معاشی نقصان کو نظرانداز کیا۔

وزارت دفاع نے واضح کیا کہ اس وقت پاکستان کی فضائی حدود تمام غیر ملکی ایئر لائنز کیلئے کھلی ہیں، سوائے بھارتی طیاروں کے۔ اسی طرح پاکستانی طیاروں پر بھی بھارتی فضائی حدود میں پرواز کی پابندی برقرار ہے۔

خواجہ آصف نے ایوان میں کہا کہ جب قومی خود مختاری اور دفاع کی بات ہو تو کوئی قیمت زیادہ نہیں ہوتی، کیونکہ وطن عزیز کا تحفظ ہمیشہ اولین ترجیح رہے گا۔

Watch Live Public News