تعلیمی ادارے 24 اگست تک بند رکھنے کا حکم، قبل از وقت کھولنے پر سخت کارروائی کا انتباہ

 تعلیمی ادارے 24 اگست تک بند رکھنے کا حکم، قبل از وقت کھولنے پر سخت کارروائی کا انتباہ
کیپشن:  تعلیمی ادارے 24 اگست تک بند رکھنے کا حکم، قبل از وقت کھولنے پر سخت کارروائی کا انتباہ

ویب ڈیسک:  حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکول 24 اگست تک بند رکھنے کی ہدایت کردی، جبکہ مقررہ تاریخ سے پہلے تعلیمی ادارے کھولنے والی انتظامیہ کو سخت کارروائی سے خبردار کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ کوئی بھی سرکاری یا نجی اسکول 24 اگست سے پہلے معمول کی تدریسی سرگرمیاں شروع نہیں کرسکتا۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کو حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے اور طلبہ کو موسم گرما کی تعطیلات کا مکمل دورانیہ دینے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق پنجاب حکومت نے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران ایک ماہ ریمیڈیل لرننگ کیمپس کے لیے مختص کیا تھا، جن کا مقصد طلبہ کے تعلیمی نقصان کا ازالہ، بنیادی تعلیمی صلاحیتوں میں بہتری اور نئے تعلیمی سیشن سے قبل ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔

رانا سکندر حیات نے اسکول مالکان اور انتظامیہ سے حکومتی پالیسی پر مکمل تعاون کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا کہ 24 اگست سے پہلے اسکول کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

حکومت نے والدین اور طلبہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے سے متعلق معلومات کے لیے صرف پنجاب حکومت کے جاری کردہ سرکاری شیڈول پر اعتماد کریں۔

Watch Live Public News