امریکا، ایران کشیدگی کم کرانے میں پاکستان کا ثالثی کردار اہم رہا، تجزیہ ساؤتھ ایشین وائسز

امریکا، ایران کشیدگی کم کرانے میں پاکستان کا ثالثی کردار اہم رہا، تجزیہ ساؤتھ ایشین وائسز
کیپشن: امریکا، ایران کشیدگی کم کرانے میں پاکستان کا ثالثی کردار اہم رہا، تجزیہ ساؤتھ ایشین وائسز

ویب ڈیسک: امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے سفارتی اور ثالثی کردار کو اہم قرار دیا گیا ہے۔ ایک تجزیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان نے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی، سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر نظر رکھنے والے پالیسی پلیٹ فارم ساؤتھ ایشین وائسز کے تجزیے کے مطابق پاکستان نے ایسے وقت میں امریکا اور ایران کے درمیان رابطہ قائم کیا جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی انتہائی حد تک بڑھ چکی تھی اور فریقین کو باہمی نقصان کا سامنا تھا۔

تجزیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے ذریعے ایک عالمی طاقت اور اہم علاقائی طاقت کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کامیابی حاصل کی۔ ادارے کے مطابق پاکستان نے ایسا سفارتی کردار ادا کیا جو چین، فرانس، جرمنی، بھارت اور برطانیہ جیسی بڑی طاقتیں بھی ادا نہ کرسکیں۔

ساؤتھ ایشین وائسز کے مطابق اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی نمائندوں کے درمیان 20 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مذاکرات کو 1979 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین سطح کا براہِ راست رابطہ قرار دیا گیا ہے۔

تجزیے کے مطابق امریکا اور ایران نے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے، تاہم دونوں ممالک نے مذاکراتی عمل کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا۔

تجزیے میں کہا گیا ہے کہ اس صورتحال میں ثالثی کے عمل کو ناکام قرار دینا یا پاکستان کو اس کا ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں ہوگا، کیونکہ مذاکراتی عمل جاری رہنا سفارتی کوششوں کے مکمل طور پر ختم نہ ہونے کی علامت ہے۔

Watch Live Public News