دشمن میزائلوں سے ایران کو نہیں جھکا سکتا، صدر مسعود پزشکیان

دشمن میزائلوں سے ایران کو نہیں جھکا سکتا، صدر مسعود پزشکیان
کیپشن: دشمن میزائلوں سے ایران کو نہیں جھکا سکتا، صدر مسعود پزشکیان

ویب ڈیسک: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دشمن میزائلوں کے ذریعے ایران کو جھکا نہیں سکتا، تاہم اختلافات پیدا کرکے ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد ایران کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، اس لیے اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے ملک میں یکجہتی برقرار رکھنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔

مسعود پزشکیان نے صحافیوں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافی قومی اتحاد کے فروغ اور استحکام میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ اختلافات کو بڑھانے کے بجائے اتحاد برقرار رکھنے میں حکومت کا ساتھ دیا جائے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ جنگ ہو یا امن، ان کی سب سے بڑی تشویش امریکی حملے نہیں بلکہ عوام کی معاشی صورتحال میں بہتری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے دشمن کو اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ ان کے مطابق قومی یکجہتی برقرار رکھنے کے لیے بعض معاملات میں سمجھوتا کرنا بھی ضروری ہوگا۔

اس سے قبل مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ ایران بخوبی جانتا ہے کہ ملکی بقا کے لیے کب لڑنا ہے اور کب امن کا راستہ اختیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کر رہی ہے اور ملک کا دفاع کرنے والوں کی حمایت کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔

Watch Live Public News