ویب ڈیسک: انڈونیشیا کے صدر پرابوو سو بیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر صدر پرابوو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ انڈونیشین صدر کی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات اور مذاکرات ہوں گے، جن میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔
صدر پرابوو کی صدر آصف علی زرداری اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیات، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔