دھوکہ دہی کے الزام میں بھارتی فلم ساز وکرم بھٹ اور اہلیہ گرفتار

دھوکہ دہی کے الزام میں بھارتی فلم ساز وکرم بھٹ اور اہلیہ گرفتار
کیپشن: دھوکہ دہی کے الزام میں بھارتی فلم ساز وکرم بھٹ اور اہلیہ گرفتار

ویب ڈیسک: بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور ہدایتکار وکرم بھٹ اور ان کی اہلیہ شویتامبری بھٹ کو راجستھان میں ایک بڑے مالیاتی دھوکہ دہی کے مقدمے میں گزشتہ روز ممبئی سے گرفتار کر لیا گیا۔ اُدے پور پولیس کی خصوصی ٹیم نے دونوں کو گرفتار کر کے 9 دسمبر تک کا ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کر لیا۔

مقدمے کے مطابق، وکرم بھٹ، ان کی اہلیہ اور 6 دیگر افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے اُدے پور کے ڈاکٹر اجے مردیا کو تقریباً 30 کروڑ روپے کا فراڈ کیا۔ ڈاکٹر مردیا کا دعویٰ ہے کہ انہیں اپنی مرحومہ اہلیہ کی زندگی پر فلم بنانے اور دیگر منصوبوں کے لیے رقم دی گئی، لیکن یہ منصوبے مکمل نہیں ہوئے۔

تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ جعلی وینڈرز کے نام پر فرضی بل اور دستاویزات تیار کر کے رقم نکالی گئی، جس سے ڈاکٹر مردیا کو 30 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ مئی 2024 میں، وکرم بھٹ اور مردیا کے درمیان 4 فلموں کی تیاری کے لیے معاہدہ ہوا تھا، جس کی مالیت 47 کروڑ روپے تھی۔ ابتدائی دو فلمیں مکمل ہونے کا دعویٰ کیا گیا، تاہم باقی منصوبے مکمل نہ ہو سکے۔

گرفتاری کے بعد عدالت میں پیشی کے دوران، وکرم بھٹ کے وکلا نے کہا کہ پولیس نے بغیر مناسب طریقۂ کار کے گرفتار کیا اور ملزمان پر دباؤ ڈال کر ایک خالی دستاویز پر دستخط بھی کرائے۔ وکلا نے یہ بھی الزام لگایا کہ پولیس نے دھمکی دی کہ اگر تعاون نہ کیا گیا تو راجستھان میں تشدد کیا جائے گا۔

عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد وکرم بھٹ اور ان کی اہلیہ کا ٹرانزٹ ریمانڈ 9 دسمبر تک منظور کر لیا۔

Watch Live Public News