(ویب ڈیسک ) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کسی کو قومی سلامتی پرحملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،ملک دشمنی کی سزا ذہنی مریض شخص کو ضرور ملنی چاہیے۔
مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بدتہذیبی اور انا2014 سے دیکھ رہے ہیں،دھرنوں کے دوران سرکاری املاک،اداروں میں توڑ پھوڑ کی گئی،دھرنوں کے دوران یہ لوگ ایمپائرکی انگلی کھڑے ہونے کا انتظار کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ اظہاررائے کی آزادی ملکی سلامتی سے بڑھ کر نہیں ہو سکتی، ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس قوم کی ترجمانی تھی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان کی سوشل میڈیا مشینیں باہر سے آپریٹ ہورہی ہیں، پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر فورسز اور ملکی سلامتی کیخلاف پروپیگنڈا کر رہی ہے، پارٹی قیادت سے لے کر کارکن تک سب کا ایک ملک مخالف بیانیہ ہے،پارٹی قیادت سے لے کر کارکن تک سب ملک مخالف بیانیہ پروان چڑھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرخ لکیر عبور کرنے والے کی سزا آئین میں درج ہے، پی ٹی آئی نے فوجی تنصیبات پر حملہ کیا،پرتشدد احتجاج کے دوران شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا گیا۔
سیئنر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، خیبر پختونخوا کی عوام صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے،اس شخص نے صرف گالم گلوچ اور بدتہذیبی کے کلچر کو فروغ دیا،ذہنی مریض شخص قومی سلامتی کے لیےخطرہ بن چکا ہے، پی ٹی آئی قیادت بھارتی چینلز پر ملک مخالف بیانات دے رہی ہے، پرتشدداورانتشار کی سیاست پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے ریاست سختی سے نمٹنا جانتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی،ہم ملک اوراداروں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، کسی کو قومی سلامتی پرحملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،ملک دشمنی کی سزا ذہنی مریض شخص کو ضرور ملنی چاہیے۔