معرکۂ حق کے ملٹی ڈومین آپریشنز اب مستقبل کی جنگوں کیلئے کیس اسٹڈی بن چکے، فیلڈ مارشل 

معرکۂ حق کے ملٹی ڈومین آپریشنز اب مستقبل کی جنگوں کیلئے کیس اسٹڈی بن چکے، فیلڈ مارشل 

(ویب ڈیسک ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ معرکۂ حق کے ملٹی ڈومین آپریشنز اب مستقبل کی جنگوں کیلئے کیس اسٹڈی بن چکے ہیں ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے منصب کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور تینوں مسلح افواج کے سینیئر افسروں کی تقریب میں شرکت کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  نے مسلح افواج کی قیادت اور سینئر افسروں سے خطاب کیا۔انہوں نے معرکہ حق کے دوران سامنے آنے والی غیرمعمولی جرات، حوصلے اور یقین کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطاب میں کہا کہ   پوری پاکستانی قوم، بالخصوص مسلح افواج  نے معرکۂ حق کے دوران  بے مثال؛ جرات کا مظاہرہ کیا ،معرکۂ حق کے ملٹی ڈومین آپریشنز اب مستقبل کی جنگوں کے لئے نصابی مثال اور کیس اسٹڈی بن چکے ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  نے  شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت  پیش کیا اور کہا کہ شہدا ہمیشہ قوم کا فخر رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر  نے تینوں سروسز کے درمیان باضابطہ ہم آہنگی اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ   مسلح افواج کو نئی جنگی حقیقتوں کے ساتھ ہم قدم رہنا ہوگا،جدید جنگ سائبر اسپیس، الیکٹرو میگنیٹک اسپیکٹرم، خلا اور انفارمیشن آپریشنز تک پھیل چکی ہے، مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز  بھی جدید جنگ کاحصہ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ   سی ڈی ایف ہیڈکوارٹرز کا قیام تاریخی ہے،  سی ڈی ایف ہیڈکوارٹرز مستقبل کے خطرات  سے نمٹنے کے لیے تینوں سروسز کے تحت ضروری انضمام، ربط اور مؤثر کوآرڈینیشن فراہم کرے گا۔

Watch Live Public News