’ایم کیو ایم حکومتی حلیف نہیں پاکستانی بن کرسوچے‘

’ایم کیو ایم حکومتی حلیف نہیں پاکستانی بن کرسوچے‘

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ وقت زیادہ نہیں ایم کیو ایم کو فیصلہ کرنا ہوگا، ایم کیو ایم حکومت کی حلیف ضرور ہے مگر جتنی تباہی اس دور حکومت میں ہورہی ہے انہیں فیصلہ کرنا ہوگا ورنہ قوم ہمیشہ ان سے سوال کرے گی۔

لاہور میں ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ قوم کی رائے ہے کہ اس سے کرپٹ اور نااہل حکومت کا کبھی تصورنہیں تھا، ایم کیو ایم پہلے بطورپاکستانی پھر حکومت کی حلیف بن کرسوچے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایم کیو رہنماوں سے ملاقات میں معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی، غریب کو روٹی، علاج اور تعلیم سے محروم کیا جارہا ہے اور آئے روز نئے ٹیکسز کا نفاذ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران کراچی اور سندھ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، نوازشریف دور حکومت میں گرین لائن اور کے فور منصوبوں کےلیے اربوں روپے مہیا کیے گئے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو عوامی مسائل کی فکر نہیں ہے بلکہ ان کو صرف ایک ہی فکر ہے کہ کس طرح اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے میرے دورہ کراچی کے بعد کراچی کےلیے 1100ارب روپے پیکج کا اعلان کیا تھا مگر خدا جانے اس پیکج کا پھر کیا خشر ہوا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم رہنماوں سے گزرش کی کہ آپ حلیف ضرور ہے مگر آج کا حلیف کل مخالف بھی ہوسکتا ہے یہ سیاست میں ہوتا ہے مگر جتنی تباہی آج ہورہی ہے اس سے پھر ہم کیسے نمٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے علاوہ باقی جماعتوں سے بھی رابطے کروں گا کیونکہ حکومت کو مزيد وقت دينا ظلم ہو گا۔

رہنما ایم کیو ایم عامرخان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاکستان کی بہتری کیلئے مل کر فیصلے کرنے چاہیے، بات چیت سے مسائل کا حل نکال لیا جائے تو بہتر ہوتا ہے۔ مہنگائی پر ہمارے بھی تحفظات ہیں۔

عامرخان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کھنڈر بن چکا ہے، سی ایم ہاوس کے سامنے پرامن مظاہرے پر جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہماری پٹیشن کا فیصلہ آیا ہے، فیصلے کی روشنی میں عمل کیا جائے تو بلدیاتی ادارے بااختیار ہو سکتے ہیں۔

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔