ویب ڈیسک:سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کےلیے 331 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز ہوا تو شاہین آفریدی نے پاکستان کو بہترین آغاز فراہم کیا، انہوں نے پہلے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 4 رنز پر حاصل کرلی۔
پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 39 رنز پر گری جب 25 رنز بنانے والے رچن رویندرا کو ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔
کین ولیمسن اور ڈیرل میچل نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور ٹوٹل 134 پر پہنچا دیا۔ اس مجموعے پر 58 رنز بنانے والے کین ولیمسن کو شاہین آفریدی نے آؤٹ کردیا جبکہ اسی اسکور پر حارث رؤف نے ٹام لیتھم کو چلتا کیا۔
وکٹ کی دوسری جانب موجود ڈیرل مچل نے ٹیم کا اسکور بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور گلین فلپس کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔
مچل 200 کے مجموعے پر 81 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو گلین فلپس اور مائیکل بریسویل نے ٹیم کا اسکور 254 تک پہنچایا جہاں شاہین نے 31 رنز بنانے والے بریسویل کی اننگز کا خاتمہ کرکے نیوزی لینڈ کو چھٹا نقصان پہنچایا۔
اسکے بعد نیوزی لینڈ کی کوئی وکٹ نہ گری اور ساتویں وکٹ پر گلین فلپس اور مچل سینٹنر نے صرف 26 گیندوں پر 76 رنز بناڈالے۔
گلین فلپس نے دھواں دار اننگز کھیلی، وہ 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مچل سینٹنر نے صرف 8 رنز بنائے۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ فلپس نے شاہین آفریدی کی طرف سے کروائے گئے اننگز کے آخری اوور میں 25 رنز سمیٹے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے 3، ابرار احمد نے 2 جبکہ حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ بابر اعظم آج اننگ کا آغاز کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کےلیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، اس لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان ٹیم
آج کے میچ کےلیے فخر زمان، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔