ویب ڈیسک: بالی وڈ کے سُپراسٹار اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے مداحوں کو معنی خیز پیغام دیکر سنسنی پھیلا دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر آئے روز شاعرانہ اور فلسفیانہ پوسٹس داغنے والے 82 سالہ اداکار امیتابھ بچن نے حال ہی میں اپنی ایک مختصر پوسٹ میں انگریزی میں لکھا کہ 'جانے کا وقت آگیا ہے'۔

امیتابھ بچن کی اس معنی خیز پوسٹ نے فوری طور پر قیاس آرائیوں کو جنم دیا، انکے مداح تشویش اور الجھن کا شکار نظر آئے اور اس پوسٹ کے نیچے تبصروں اور سوالات کا سیلاب اُمڈ آیا۔
ایک صارف نے سوال کیا کہ 'آپ کہاں جارہے ہیں؟' جبکہ ایک اور صارف نے استفسار کیا کہ 'کیا آپ اداکاری چھوڑ رہے ہیں؟'
امیتابھ بچن کی مبہم پوسٹ پر اداس ایک مداح نے لکھا 'پلیز جلد واپس آئیے گا' جبکہ ایک اور بےچین صارف نے سوال کر ڈالا کہ 'آخر آپ جا کیوں رہے ہیں؟'
تاحال یہ واضح نہیں کہ امیتابھ بچن کیجانب سے یہ مبہم پیغام پوسٹ کرنے کا مقصد کیا تھا، تاہم قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ عین ممکن ہے کہ 82 سالہ امیتابھ بچن بالآخر اداکاری سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں جبکہ دیگر صارفین کے بقول یہ ممکن ہے کہ اِس پوسٹ کا مقصد محض سوشل میڈیا کو الوداع کہنا ہو۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن کو بالی وڈ کا سب سے بڑا اسٹار سمجھا جاتا ہے جنہوں نے کئی نسلوں کو متاثر کیا ہے اور اس عمر میں بھی اداکاری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، ان کے بیٹے ابھیشیک بچن نے بھی حال ہی میں ایک بیان میں اپنے والد کی اِس لگن پر اُن کی تعریف کی تھی۔
امیتابھ بچن نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1969ء میں ایوارڈ یافتہ فلم 'بھوون شوم' میں بطور وائس آرٹسٹ کیا تھا، اسی سال انہوں نے 'سات ہندوستانی' نامی فلم میں 7 مرکزی اداکاروں میں سے ایک کے طور پر اداکاری کا آغاز کیا تھا۔
امیتابھ بچن کو آخری بار رجنی کانت کی فلم 'ویٹائیاں' میں دیکھا گیا تھا، جس میں ملیالم اسٹار فہد فاصل نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
اِن دنوں امیتابھ بچن سونی ٹی وی چینل کے مقبول گیم شو 'کون بنے گا کروڑ پتی' کے ساتویں سیزن کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔