ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اور معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے دوسری شادی کرنے والی خواتین کو ایک اہم اور معنی خیز مشورہ دیا ہے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر مختلف سماجی موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے دوسری شادی کے معاملے پر بھی کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو خواتین ایسے شخص سے دوسری شادی کا ارادہ رکھتی ہیں جس کے پہلے سے بچے بھی ہوں اور وہ اپنی پہلی بیوی سے علیحدگی اختیار کر چکا ہو، انہیں اس علیحدگی کی وجہ جاننا بے حد ضروری ہے۔
اداکارہ کے مطابق بچوں کی موجودگی میں کسی خاتون کے لیے شوہر سے علیحدگی ایک انتہائی مشکل فیصلہ ہوتا ہے، جبکہ مرد دوسری شادی کے بعد اپنی زندگی اور بچوں کو دوبارہ سنبھال لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری شادی کرنے والی لڑکی کے والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اس بات کی مکمل معلومات حاصل کریں کہ اس شخص کی پہلی شادی کیوں ناکام ہوئی۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ اس پہلو پر ضرور غور کیا جانا چاہیے کہ جو شخص ایک بار اپنی بیوی کو چھوڑ سکتا ہے، وہ آئندہ بھی ایسا کر سکتا ہے، کیونکہ انسان کی فطرت آسانی سے تبدیل نہیں ہوتی۔