(ویب ڈیسک ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اسکالر شپ کسی کی سفارش پر نہیں دی گئی۔
مریم نواز نے سرگودھا یونیورسٹی میں تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ہونہار اسکالر شپ پروگرام 72 ارب روپے کا ہے، جس کے لیے کسی طالب علم سے یہ نہیں پوچھا گیا کہ اس کا تعلق کس سیاسی جماعت سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے پنجاب کے تمام بیٹے اور بیٹیاں برابر ہیں، میرے 3 بچے ہیں، بیٹا جنید بڑا پاپولرہے، اس کی باتیں ہر جگہ سنتی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ آپ سب کو ایک وزیرِ اعلیٰ کے طور پر نہیں ایک ماں کی طرح دیکھتی ہوں، ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اچھی نجی یونیورسٹیوں کے طلباء کو بھی اسکالر شپس دی گئی ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ اس سال 30 ہزار ای بائیکس اقساط پر دی ہیں، وعدہ نہیں کرتی مگر کوشش کروں گی کہ اگلے سال ایک لاکھ ای بائیکس فری دوں۔
ان کا کہنا تھا کہ چاہتی ہوں کہ طلباء یہ سمجھیں کہ وزیرِ اعلیٰ کی سیٹ پر مریم نواز نہیں بلکہ آپ کی ماں بیٹھی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ڈی سی، کمشنر، پولیس افسر سمیت کسی کی بھی تقرری سفارش پر نہیں کی، ن لیگ کے ایم این ایز ناراض ہیں کہ ان کی مرضی کے مطابق ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کرتی ہوں، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں نے میرٹ سے ہٹ کر تقرریاں کیں۔