لائیواسٹریمنگ چیلنج کے دوران مشہور سوشل میڈیاانفلوئنسرہلاک

لائیواسٹریمنگ چیلنج کے دوران مشہور سوشل میڈیاانفلوئنسرہلاک
کیپشن: لائیواسٹریمنگ چیلنج کے دوران مشہور سوشل میڈیاانفلوئنسرہلاک

ویب ڈیسک: اسپین میں ایک آن لائن لائیو چیلنج کے دوران منشیات اور شراب کے مبینہ استعمال سے ایک معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر ہلاک ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 37 سالہ ہسپانوی اسٹریمر سرجیو نئے سال کی رات ایک لائیو اسٹریم کے دوران حد سے زیادہ شراب اور منشیات استعمال کر رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ناظرین کی جانب سے رقم ادا کیے جانے پر وہ خطرناک حرکات انجام دے رہا تھا۔

اطلاعات کے مطابق لائیو نشریات کے دوران اسٹریمر نے بڑی مقدار میں وہسکی اور کوکین استعمال کی۔ واقعے کے بعد حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ایمبولینس کے پہنچنے سے قبل ہی سرجیو دم توڑ چکا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹریمر کی والدہ، جو اسی گھر میں رہائش پذیر تھیں، نے اسے فرش پر گھٹنوں کے بل گرا ہوا پایا، جبکہ اس کا سر ایک گدے پر ٹکا ہوا تھا۔ موقع سے تقریباً خالی وہسکی کی بوتل، انرجی ڈرنکس اور ایک سرخ پلیٹ میں کوکین بھی برآمد ہوئی۔

اسٹریمر کی والدہ ٹریسا نے بتایا کہ وہ رات تقریباً 2 بجے باتھ روم جانے کے لیے اٹھیں تو بیٹے کے کمرے کا دروازہ تھوڑا کھلا تھا۔ انہوں نے آواز دی مگر کوئی جواب نہ ملا۔ ان کے مطابق کمرے میں فرش پر پڑی اشیاء کے باعث وہ اندر داخل نہ ہو سکیں اور باہر سے ہی مسلسل آواز دیتی رہیں، تاہم کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ دیکھ سکتی تھیں کہ ان کا بیٹا بستر پر گھٹنوں کے بل تھا، جیسے دعا کر رہا ہو، مگر وہ بالکل خاموش تھا۔

حکام کے مطابق واقعے کو اسپین میں آن لائن لائیو چیلنج کے دوران پیش آنے والی پہلی دستاویزی ہلاکت قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کا بھی حکم دے دیا ہے تاکہ موت کی حتمی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ سرجیو خِمینیز کو شہرت اس وقت ملی جب وہ معروف اسٹریمر سائمن پیریز کی ویڈیوز میں نظر آیا، جو لائیو نشریات میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ اس واقعے نے آن لائن انتہائی چیلنجز کے بڑھتے ہوئے رجحان اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی ذمہ داری پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

یہ واقعہ فرانس میں گزشتہ سال اگست میں پیش آنے والی ایک ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں معروف آن لائن شخصیت ژاں پورمانوو لائیو نشریات کے دوران تشدد اور نیند سے محرومی کے باعث جان کی بازی ہار گیا تھا۔

Watch Live Public News