ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر کی مساجد کے آئمہ کرام کو ماہانہ 25 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔
لاہور میں علما اور آئمہ کرام میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت صوبے بھر کے امام مساجد کو باقاعدہ ماہانہ اعزازیہ فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پر ابتدا میں پروپیگنڈا کیا گیا، تاہم اب یہ عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔
مریم نواز کے مطابق پنجاب میں تمام مسالک سے تعلق رکھنے والی تقریباً 80 ہزار مساجد موجود ہیں، جبکہ اعزازیہ کارڈ پروگرام ایک ارب 20 کروڑ روپے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فروری کے آخر تک امام مساجد کے پنجاب بینک میں اکاؤنٹس کھول دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام علمائے کرام معاشرے میں قابلِ احترام مقام رکھتے ہیں اور دینی و سماجی رہنمائی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام مسجد معاشرتی مسائل کے حل اور دینی شعور کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے مذہب کے نام پر تشدد اور انتہا پسندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے نام پر ریاست کو یرغمال بنانے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی منافرت کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ علما کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ ریاست کسی فتنے کو پنپنے کی اجازت نہیں دے گی اور عوام کے جان و مال، ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں فتنہ، ظلم اور مافیا کے لیے کوئی جگہ نہیں، اور قانون سب پر یکساں لاگو ہوگا۔