ویب ڈیسک: جعلی پولیس مقابلے کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ایس ایچ او سمیت 10 پولیس اہلکاروں کو قید کی سزا سنا دی ہے۔
سیشن کورٹ میں جعلی پولیس مقابلہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے بی سیکشن تھانے کے ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کے خلاف الزامات ثابت ہونے پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ایس ایچ او پر 10 لاکھ روپے جبکہ ایک اے ایس آئی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ایس ایچ او سمیت تمام 10 اہلکاروں کو سات، سات سال قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سزا کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد تمام سزا یافتہ اہلکار عدالت سے فرار ہو گئے، تاہم انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مذکورہ پولیس اہلکاروں پر سال 2022 میں ایک شخص کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے کا الزام تھا۔ اس واقعے پر مقتول کی والدہ کی مدعیت میں بی سیکشن تھانے کے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔