(ویب ڈیسک) میٹا نے 2026 کے آغاز پر واٹس ایپ کے لیے نئے اور دلچسپ فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد گروپ چیٹس کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔
دنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ میں گروپ چیٹس کے لیے تین نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں جن میں ممبر ٹیگز، ٹیکسٹ اسٹیکرز اور ایونٹ ریمائنڈر شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق نئے سال کی شروعات گروپ چیٹس کو اپ گریڈ کرنے کے لیے بہترین موقع ہے۔ ممبر ٹیگز فیچر کے ذریعے صارفین ہر گروپ میں اپنا الگ نک نیم یا ٹیگ رکھ سکتے ہیں، جس سے وہ اپنی شخصیت یا گروپ میں اپنے کردار کو بہتر انداز میں ظاہر کرسکیں گے۔ ہر گروپ کے لیے مختلف ٹیگ استعمال کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔
دوسرا نیا فیچر ٹیکسٹ اسٹیکرز کا ہے، جس کے تحت صارفین اب کسی بھی لفظ کو اسٹیکر میں تبدیل کرسکیں گے۔ اس کے لیے مطلوبہ لفظ اسٹیکر سرچ میں ٹائپ کرنا ہوگا، جبکہ ان اسٹیکرز کو اسٹیکر پیکس میں محفوظ کرنا بھی ممکن ہوگا۔

تیسرا فیچر ایونٹ ریمائنڈر سے متعلق ہے، جس کے ذریعے واٹس ایپ گروپس میں کسٹم ایونٹس بنائے جاسکیں گے اور ان کے لیے مخصوص ریمائنڈر بھی سیٹ کیے جاسکیں گے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ ان فیچرز کی مرحلہ وار فراہمی کا آغاز ہوچکا ہے اور جلد ہی یہ تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔