ویب ڈیسک: پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے صدر آصف علی زرداری کے خلاف جاری قیاس آرائیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں نیئر بخاری نے کہا کہ آصف زرداری اس ملک کے باقاعدہ منتخب صدر ہیں، ان کے خلاف افواہیں پھیلانے والے آئین اور قانون کی روح سے ناواقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر حکومت کا چلنا ممکن نہیں۔
نیئر بخاری نے واضح کیا کہ آئین کے تحت پارلیمنٹ کے ارکان کو وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کو ہٹانے کا حق حاصل ہے، اور اگر کسی وزیراعلیٰ کو عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا جائے تو اس سے جمہوری نظام غیر مستحکم نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی فی الحال وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بن رہی، جبکہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کی کوئی سنجیدہ توقع نہیں، کیونکہ وہ خود مذاکراتی عمل پر یقین نہیں رکھتی۔