ویب ڈیسک: 7 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی سکیورٹی پر مامور گاڑی کو کالے شیشے لگانے پر چالان کیا گیا، جس پر اب جنید صفدر اور وزیراعلیٰ پنجاب دونوں کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
جنید صفدر نے منگل کے روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے پنجاب ٹریفک پولیس کی قانون کے مطابق کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے لکھا:
"پنجاب پولیس کے وہ تمام اہلکار جنہوں نے کل میری گاڑی روکی اور چالان کیا، مجھے ان کے پیشہ ورانہ رویے نے بہت متاثر کیا، اللہ آپ لوگوں کی آن ڈیوٹی اور آف ڈیوٹی حفاظت فرمائے۔"

واقعے کے مطابق، معمول کی چیکنگ کے دوران ٹریفک وارڈن نے جنید صفدر کی سکیورٹی گاڑی کو روکا اور کالے شیشے کی خلاف ورزی پر چالان جاری کیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے انچارج شاہ زیب اور اہلکاروں پرویز، حیدر اور مجاہد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "آپ نے قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا، قانون کی بالادستی ہی ہماری حکومت کی پہچان ہے۔ پورے پنجاب میں قانون کا یکساں نفاذ اور عملدرآمد دیکھنا چاہتی ہوں۔"
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور اسے قانون کی حکمرانی کے عملی مظاہر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔