(ویب ڈیسک ) نومولود بچوں کو ملیریا سے بچانے کے لیے بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ نئی دوا کے باقاعدہ استعمال کی منظوری دیدی گئی۔
نوزائیدہ بچوں کو جان لیوا ملیریا سے بچانے کے لیے ایک اہم کامیابی حاصل کر لی گئی ہے، سوئٹزرلینڈ کے طبی حکام نے اس مقصد کے لیے تیار کی گئی نئی دوا کے استعمال کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
یہ دوا خاص طور پر ان ممالک کے لیے بنائی گئی ہے جہاں مچھروں کی بھرمار کی وجہ سے ملیریا ایک عام اور مہلک بیماری بن چکی ہے۔ نئی دوا کی مدد سے ان ممالک میں نوزائیدہ اور کم عمر بچوں کی جانیں بچانے میں بڑی مدد ملے گی، جو ملیریا سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت (WHO) کے مطابق افریقی ممالک ملیریا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ صرف گزشتہ سال کے دوران براعظم افریقا میں ملیریا کے باعث 6 لاکھ افراد ہلاک ہوئے، جن میں بڑی تعداد پانچ سال سے کم عمر بچوں کی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دوا نوزائیدہ بچوں کو ان کے ابتدائی مہینوں میں ملیریا سے بچانے میں مؤثر ثابت ہوگی، کیونکہ اسی عرصے میں ان کا مدافعتی نظام سب سے زیادہ کمزور ہوتا ہے۔
ابتدائی طور پر اس دوا کو افریقی ممالک میں فراہم کیا جائے گا، جہاں اس کی فوری ضرورت ہے۔ آئندہ چند برسوں میں دوا کی دستیابی دوسرے ملیریا زدہ علاقوں تک بھی پھیلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔