تیسرے ٹی 20 میں انگلینڈ کی بھارت کو 125 رنز سے تاریخی شکست

تیسرے ٹی 20 میں انگلینڈ کی بھارت کو 125 رنز سے تاریخی شکست
کیپشن: تیسرے ٹی 20 میں انگلینڈ کی بھارت کو 125 رنز سے تاریخی شکست

ویب ڈیسک: انگلینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 125 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی، جبکہ بھارتی ٹیم صرف 76 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

ناٹنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ اوپنر فل سالٹ نے 44 گیندوں پر 70 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

سیم کرن 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کپتان جوز بٹلر نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے پرنس یادیو اور ہرشت رانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن انگلش فاسٹ بولرز کے سامنے بے بس دکھائی دی اور پوری ٹیم صرف 12 اوورز میں 76 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے سوریا ونشی اور ایشان کشن نے 13، 13 رنز بنائے، جبکہ ابھیشیک شرما اور اکشر پٹیل 10، 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

انگلینڈ کے جوش ٹنگ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جوفرا آرچر نے 29 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

125 رنز کی یہ فتح ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے بھارت کے خلاف انگلینڈ کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ دوسری جانب 76 رنز کا مجموعہ بھارت کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسرا کم ترین اسکور ہے، جبکہ رنز کے فرق سے یہ اس کی تاریخ کی سب سے بڑی شکست بھی بن گئی۔

Watch Live Public News