ویب ڈیسک: امریکی محکمہ انصاف نے بھارت سے منسلک منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ’آپریشن ہارڈ بال‘ کا آغاز کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے تین بھارتی جرائم پیشہ گروہوں سے تعلق رکھنے والے 37 افراد پر بھتہ خوری، منشیات کی اسمگلنگ، قتل اور دیگر سنگین جرائم کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کی ہے۔ حکام کے مطابق 24 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ 10 دیگر مفرور ہیں۔
محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ یہ جرائم پیشہ نیٹ ورکس امریکا، کینیڈا اور یورپ میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر منظم جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ کارروائی کے دوران تقریباً ایک ہزار کلوگرام کوکین اور ہیروئن، بھاری مقدار میں نقد رقم اور آتشیں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نِجّر کے قتل کی تحقیقات کے دوران لارنس بشنوئی اور گولڈی برار گینگ کے مبینہ کردار سے متعلق شواہد بھی سامنے آئے، جس کے بعد ان سے متعلق فردِ جرم عائد کی گئی۔
ایف بی آئی نے گولڈی برار کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے شخص کے لیے 50 ہزار ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔
امریکی استغاثہ کا مؤقف ہے کہ لارنس بشنوئی اور جگو گینگ کے بعض ارکان بھارتی جیلوں میں قید ہونے کے باوجود اسمگل شدہ موبائل فونز کے ذریعے بیرونِ ملک مجرمانہ سرگرمیوں اور ٹارگٹ کلنگ کی ہدایات جاری کرتے رہے۔
امریکی محکمہ انصاف نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بھارت کا کرپٹ نظام ان جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے لیے سہولت کاری کا باعث بنا، جبکہ بعض پولیس اہلکار اور سرکاری افسران بھی بھتہ خوری میں ملوث رہے۔
حکام کے مطابق ان گینگز کی سرگرمیاں امریکا، کینیڈا اور یورپ کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہیں، جبکہ غیر ملکی سرزمین پر ٹارگٹ کلنگ اور پراکسی عناصر کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔